مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر دفاع نے اتوار کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ایران اپنی جنگی تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے اور کسی بھی مقام پر، جغرافیائی حدود کی پابندی کے بغیر، ہر قسم کے خطرے کا فوری، مؤثر اور متناسب جواب دینے کے عزم پر قائم ہے۔
وزیر دفاع نے زور دیا کہ دفاعی سازوسامان کی تیاری اور پیداوار کے عمل کو تیز کرنا، صنعتی و تکنیکی بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانا اور مسلح افواج کی معاونت کے نظام کو بہتر بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور متناسب جواب دیا جائے گا اور ایران کے مخالفین اس جواب کی نوعیت، وقت یا نتائج کا تعین نہیں کر سکیں گے۔
مہرداد اخلاقی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران نہ دشمن کی دھمکیوں سے غافل ہوگا، نہ دباؤ کے سامنے جھکے گا اور نہ ہی کسی کو اپنی سائنسی و تکنیکی ترقی محدود کرنے کی اجازت دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں دکھائی جائے گی۔
آپ کا تبصرہ